پاکستان کا تیل اور کھانے پینے کی اشیا کا درآمدی بل مالی سال 22 میں 64 فیصد اضافے کے ساتھ 32 ارب 32 کروڑ ڈالر ہو گیا جو کہ گزشتہ مالی سال میں 19 ارب 69 کروڑ ڈالر تھا، درآمد بل میں اضافے کی وجہ عالمی سطح پر ہونے والی مہنگائی اور روپے کی قدر میں بہت زیادہ گراوٹ ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دوسری جانب، عالمی سطح پر طلب میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ٹیکسٹائل اور کپڑوں کی برآمدات بھی سالانہ 25.53 فیصد بڑھ کر 19 ارب 32 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
پاکستان بیورو آف شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار سے کے مطابق دوا سازی کی مصنوعات کی درآمدات مالی سال 22 میں 192 عشاریہ 29 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ارب 6 کروڑ ڈالر ہوگیا جو کہ ایک ارب 39 کروڑ ڈالر تھا، یہ کسی بھی ایک شعبے کی درآمدات کا سب سے بڑا اضافہ ہے جس کی بنیادی وجہ کورونا وائرس کی ویکسین کی درآمد میں اضافہ ہے۔