محرم الحرام‘ لاہور میں 3868 مجالس‘ 20788 افسر‘ اہلکارڈیوٹی دینگے 


لاہور(نامہ نگار) پولیس وقانون نافذ کرنے والے اداروں نے محرم الحرام کے موقع پرسکیورٹی کے انتہائی سخت انتہائی انتظامات کئے ہےں۔صوبہ بھر میں منعقدہ 37376 مجالس کی سکیورٹی کے لئے 109565 سے زائد افسران و اہلکار اور 66797 والنٹیرز فرائض سرانجام دیں گے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں 3868 مجالس کی سکیورٹی کے فرائض 20788 افسران و اہلکار سر انجام دیں گے۔صوبہ بھر میں منعقدہ9351 جلوسوں کی سکیورٹی کے فرائض 115180 افسران و ماہلکار اور 45565 والنٹیرز سر انجام دیں گے جبکہ لاہور میں عشرہ محرم کے 364 جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 10 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز بھی محرم سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اپنے فرائض ادا کریں گی اور محرم سکیورٹی انتظامات میں ضلعی پولیس کو مکمل معاونت فراہم کریں گی۔ اے کیٹیگری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی چیکنگ کےلئے سپروائزری افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں گے جبکہ حساس جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز سمیت دیگر جدید آلات و ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائےگا۔ خواتین عزاداروں کی سکیورٹی اور چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائےگا۔ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کیلئے فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائےگی۔ محرم الحرم کے دوران عزاداری جلوسوں کی سیف سٹی اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائےگی۔ منتظمین کے تعاون سے مجالس کے شرکاءکی چیکنگ کے عمل کو موثر بنایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن