نیا پروموشن اینڈ سروس سٹرکچر ‘ اگلی پروموشن کے سال علم ہو جائیگا: آئی جی 

Jul 20, 2023

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان کا دورہ کیا اورتینوں ریجن میں پروموٹ ہونے والے افسران و اہلکاروں سے ملاقات کرکے انہیں مزید بہتر تندہی اور فرض شناسی سے فرائض کی ادائیگی کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب سب سے پہلے اشرف مارتھ شہید ڈسٹرکٹ پولیس لائن گوجرانوالہ پہنچے اور حال ہی میں پروموٹ ہونے والے گوجرانوالہ ریجن کے پولیس افسران کو رینک لگائے اور خطاب کیا۔ آئی جی پنجاب نے دوران خطاب کہاکہ محکمانہ ترقی ہر فرد کا خواب ہوتا ہے، جس کی تعبیر کو بہتر انداز میں منانا چاہئیے، میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق پروموشنز اور ویلفیئر کا سلسلہ یونہی جاری و ساری رہےگا۔ پنجاب پولیس 1600 شہداءاور 1700 غازیوں کی فورس ہے، بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کو بہادری کے میڈلز اور انعامات دیے جائیں گے۔ پاکستان میں پاک آرمی کے بعد پولیس نے امن امان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ادارے کے تشخص کو خدمت خلق کے کاموں اور فرائض کی بہترین ادائیگی سے بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ سائلین کےساتھ اچھا رویہ اختیار کرتے ہوئے محکمہ کی نیک نامی کا باعث بنیں۔ آر پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر حیدر اشرف، سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم اور سی ٹی اوگوجرانوالہ، ایس پی عائشہ بٹ سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گوجرانوالہ کا دورہ مکمل کرکے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورفیصل آباد پہنچے جہاں انہوں نے حال ہی میں ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان، سی پی او عثمان اکرم گوندل نے پروموٹ ہونے والے افسران واہلکاروں کو نئے عہدوں کے رینک لگائے۔ڈاکٹر عثمان انور کی ترقی پانے والے افسران و اہلکاروں کو مبارکباد، پہلے سے زیادہ محنت سے فرائض کی ادائیگی کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ان تمام ویلفیئر اقدامات کا مقصد آپ کو شہریوں کی مزید خدمت کیلئے ترغیب دینا ہے۔ فیصل آباد سمیت تین شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے، نئے تشکیل کردہ پروموشن اینڈ سروس سٹرکچر کے تحت اب تمام افسران و اہلکاروں کو اپنی اگلی پروموشن کے سال کا پتہ چل جایا کرےگا،سی ٹی ڈی کا سروس سٹرکچر بھی تشکیل دےدیا،کارپورلز گریڈ 19 تک پروموٹ ہوں گے، ہیلتھ سکریننگ کے بعد فورس کی ویکسی نیشن اور متاثرہ ملازمین کا علاج معالجہ جاری ہے،فورس کےساتھ انکے اہل خانہ کی ویلفیئر، ہیلتھ اور تعلیم و روزگار کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ فیلڈ ڈیوٹی پر تعینات افسران و اہلکار دوران ڈیوٹی کرائم پریونشن ایپ و دیگر جدید ایپلی کیشنز سے بھرپور استفادہ حاصل کریں۔ 2017 سے پہلے کے شہدا پولیس کے ورثا کے گھروں کی تعمیر کےلئے اقدامات شروع کئے ہیں، پولیس وسائل سے حاصل ہونےوالی آمدنی سے فورس کی صحت پر تین ہزار گنا مزید خرچ کیے جارہے ہیں، انعامات، پروموشنز، اور ویلفیئر کا سلسلہ نہیں رکے گا اسکے بدلے عوام کی خدمت و حفاظت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔فیصل آباد سے فراغت کے بعد انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور ملتان پہنچے اور ترقی پانےوالے افسران و اہلکاروں کو نئے عہدوں کے رینک لگائے، نشتر میڈیکل یونیورسٹی آڈیٹوریم میں ملتان ریجن کے پروموٹ ہونے والے پولیس افسران کو رینک لگانے کی تقریب منعقد ہوئی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پروموٹ پولیس افسر نئے جذبے سے عوام کی خدمت کریں، شہریوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ 

مزیدخبریں