اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت یقینی بنائے گی کہ آئندہ نگران حکومت قومی مفاد کی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھے،پوری کوشش ہے کہ قومی ترقی کا تسلسل برقرار رہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں اپنے زیرِ صدارت سٹیٹ اونڈانٹر پرائزز میں جاری اصلاحات بارے پیش رفت کے جائزہ اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو اداروں بشمول کارپوریشنز کی کارکردگی کے اعشاریے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ جاری اصلاحات پر پیش رفت بارے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی معیار کے عین مطابق اداروں کی بہتری اور عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔جبکہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے قیادت میں ملاقات کی، ملاقات میں حالیہ مردم شماری کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی، وفد نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ ملاقات وزیرِ اعظم کی نگران حکومت کی تشکیل کیلئے اتحادیوں سے مشاورت کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ملاقات میں حالیہ مردم شماری کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو کراچی میں وفاقی حکومت کے جاری منصوبوں کی ذاتی نگرانی اور ترجیحی بنیادوں پر ان پر کام یقینی بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ متحدہ کے وفد نے وزیر اعظم کی قیادت میں حکومتی معاشی ٹیم کی کوششوں سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ مکمل ہونے پر وزیرِ اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان کے نوجوانوں کو اپنی توانائیاں مثبت انداز میں بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کیلئے گزشتہ روز ملک گیر کھیلوں کے فروغ اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے یوتھ سپورٹس انیشی ایٹو کا آغاز کیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے مگر بد قسمتی سے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی کھیلوں کیلئے بھی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ اس کے پیش نظر ہم نے ملک کی پہلی سپورٹس یونیورسٹی کا سنگ بنیاد اور سپورٹس اینڈمنٹ فنڈ قائم کیا ہے۔قبل ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد راولپنڈی میں موسلادھار بارش کی وجہ گولڑہ موڑ، پشاور روڈ پر دیوار گرنے سے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا ہے۔ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے نئے ہجری سال کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دی۔