بھارتی ریاست منی پور میں فسادات، خواتین کو برہنہ کر کے پریڈ کی ویڈیو وائرل 

Jul 20, 2023


نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست منی پور میں نسلی فسادات کے دوران دو خواتین کو برہنہ کر کے سر عام پریڈ کرانے کی وائرل ویڈیو نے انسانیت کو بھی شرما دیا۔ لسانی فسادات کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے تاہم سوشل میڈیا پر گاہے بگاہے اس حوالے سے دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں۔ پرآشوب بھارتی ریاست کی ایسی ہی ایک اور دلخراش ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں کچھ افراد کو دو خواتین کو برہنہ کر کے انہیں سرعام پریڈ کراتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں خواتین اور انسانیت سوز حرکت کرنے والے افراد کے چہرے بھی واضح ہیں۔ بھارتی خاتون صحافی روہنی سنگھ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ منی پور میں خواتین کو برہنہ کر کے پریڈ کروانے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو انتہائی خوفناک، تشویشناک اور دل کرچی کرچی کر دینے والی ہے۔ ریاست میں کیا ہو رہا ہے؟ کیوں سب سے بدترین جرائم آزادانہ طریقے سے دھڑلے کے ساتھ سرانجام دیے جا رہے ہیں؟ ٹی وی چینلز کیوں اس معاملے کو اجاگر نہیں کر رہے؟ اور ہم ایک قوم کی حیثیت سے کس طرف بڑھ رہے ہیں۔
منی پور 

مزیدخبریں