نیویارک‘ روم (این این آئی‘ اے پی پی‘ آئی این پی) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ دنیا گرمی کی شدت میں اضافے کا سامنا کرنے کی تیاری کرلے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین میں 52 ڈگری سینٹی گریڈ کے درجہ حرارت نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے، امریکا کے شہر فینکس میں گرمی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔دن میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ یورپ میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔اٹلی کے دارالحکومت روم میں پارہ 41.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ یو این عالمی موسمیاتی ایجنسی نے خبردار کردیا۔ اٹلی، سپین، کروشیا، سربیا، بوسنیا کے بیشتر شہروں کیلئے ریڈ الرٹ جاری کردیاگیا۔ یورپ، ایشیا، امریکہ اور جنوبی افریقا میں سورج قہر ڈھا رہا ہے، ماہرین کا کہنا ہے، گرمی میں کمی کے کوئی آثار نہیں۔ گزشتہ سال یورپ میں اکسٹھ ہزار لوگ گرمی سے ہلاک ہوئے موسمیاتی بحران سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ اطالوی جزائر سارڈینیا اور سسلی انچاس ڈگری کے ساتھ براعظمی ریکارڈ توڑنے کے قریب ہے،روم میں پارہ اکتالیس سے بڑھ گیا، ہسپتال بھرنے لگے۔ یونان، کینری جزائر اور سپین کے کچھ حصوں میں جنگلات کی آگ بھڑک رہی ہے۔ کینیڈا کے صوبوں البرٹا اورکیوبیک میں دو سو سے زائدمقامات پر جنگل کی آگ جل رہی ہے۔ فرانس میں درجہ حرارت کے کئی مقامی ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ وسطی کولمبیا میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے پندرہ افراد ہلاک، درجنوں زخمی ہوئے۔بائیس مکانات تباہ ہوگئے۔ چین کے ریلوے سٹیشنوں میں شدید گرمی سے نمٹنے کیلئے ایک سو ستائیس کولنگ شیلٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ روس میں اچانک بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، معمولات زندگی متاثر ہوا۔
ہیٹ ویز الرٹ جاری