گال ٹیسٹ:پاکستان کو جیت کیلئے 83رنز، سری لنکا کو 7وکٹیں درکار

Jul 20, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر)گال ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل اختتام پذیر ہوگیا، سری لنکا کے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنالیے۔ قومی ٹیم کو میچ جیتنے کیلئے مزیر 83 رنز درکار ہیں۔ اوپنر امام الحق 25 اور کپتان بابر اعظم 6 رنز کے ساتھ پانچویں دن کے کھیل کا آغاز کریں گے۔ عبداللہ شفیق 8، شان مسعود 7 اور نعمان علی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کو جیت کیلیے 131 رنز کا ہدف دیا تھا۔سری لنکا کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے 82 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کیلئے قابلِ ذکر برتری حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 42 رنز پر گری تھی، دیموتھ کرونارتنے 20 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے تھے جبکہ سری لنکا کا دوسرا کھلاڑی 79 کے مجموعے پرآؤٹ ہوا تھا، کوشل مینڈس کو 18 رنز پر نعمان علی نے آؤٹ کیا تھا۔سری لنکا کی تیسری وکٹ 91 رنز پر گری تھی، اینجلو میتھیوز 7 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، میزبان ٹیم کے چوتھے کھلاڑی 99 رنز پر آؤٹ ہوئے، نشان مدوشکا 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے، انہیں بھی نعمان علی نے آئوٹ کیا تھا۔ہوم ٹیم کی پانچویں وکٹ 159 رنز پر گری تھی، دنیش چندیمل کو 28 رنز پر آغا سلمان نے آؤٹ کیا، سری لنکا کی چھٹی وکٹ 175 گری، سدیرا سماراوکرما کو آغا سلمان نے 11 رنز پر آؤٹ کیا، رمیش مینڈس کی صورت میں میزبان ٹیم کی ساتویں وکٹ گری، جن کو ابرار احمد نے 42 رنز پر آؤٹ کیا۔سری لنکا کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی دھننجیا ڈی سلواتھے جنہوں نے 82 رنز بنائے۔  نویں وکٹ 274 پرباتھ جے سوریا اور آخری ورکٹ کسون رجیتھا کی صورت میں 279 پر گری۔ نعمان علی اور ابرار احمد نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آغا سلمان اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو وکٹیں لیں۔سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونارتنے 6 اور نشان مدوشکا نے 8 رنز کیساتھ چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا تھا۔پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے 208 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم کو ہوم ٹیم پر 149 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔ سری لنکن ٹیم نے پہلی اننگز میں بورڈ پر 312 کا ٹوٹل سجایا۔آج میچ کا آخری دن ہے ۔ 

مزیدخبریں