کھیلوں کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے: گورنر

Jul 20, 2023

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر  بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی چوہدری محمد ذکا اشرف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کرکٹ کی بہتری کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر  بلیغ الرحمن نے کہا کہ کھیل کا میدان ہو یا زندگی کا کوئی بھی شعبہ سپورٹس مین شپ انسان کو ہر محاظ پہ لڑنا اور کامیابی حاصل کرنے کا قرینہ سکھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرہ صحت مندانہ سرگرمیوں کے بغیر ناممکن  ہے اور حکومت مؤثر حکمت عملی کے تحت ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا شماراس وقت دنیا کی بہترین کرکٹ ٹیموں میں ہوتا ہے۔ گورنر  نے چوہدری محمد ذکا اشرف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ِذکاء اشرف نے کرکٹ بورڈ کے معاملات کو بہتر طریقے سے چلانے کے عزم کا اظہارکیا۔ چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی چوہدری محمد ذکاء اشرف نے گورنر پنجاب کو ایشیا کپ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 2008ء کے بعد 15 سال بعد ایشیا کپ دوبارہ پاکستان میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے چار میچز پاکستان میں منعقد ہوں گے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے انٹرنیشنل ایونٹس کا انعقاد خوش آئند ہے۔ دریں اثنا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے اسلامی سال کے آغاز پر اپنے پیغام میں قوم اور ملت اسلامیہ کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ محرم الحرام میں ہونے والے واقعات میں ہمیں صبر اور استقامت کے ساتھ باطل قوتوں کا مقابلہ کرنے کا'' حسینیت ''کا درس ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت کے ساتھ محبت ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی جزو ہے۔

مزیدخبریں