لاہور (نیوز رپورٹر) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے تمام اہل اسلام کو نئے اسلامی سال کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی نیا اسلامی سال روئے زمین کے مسلمانوں اور پوری انسانیت کیلئے مبارک کرے اور دنیا بھر میں قیام امن و امان اور سلامتی کا ذریعہ بنائے۔ وہ آج مرکز توحید و سنت مناری الہدی لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضورؐ کے صحابہ کرامؓ اور اہلبیتؓ کا احترام ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے کیونکہ وہ نسبت رسول کی حامل شخصیات ہیں اور ان کا احترام دراصل رسول خدا کا احترام کرنے کے مترادف ہے۔ علمائے کرام، مشائخ عظام اور ذاکرین اور سب کی ذمہ داری ہے کہ کسی صورت بھی ان عظیم ہستیوں کے احترام اور ادب میں کسی کو گستاخی کرنے کی اجازت نہ دیں۔ ہم حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کرتے ہیں ان کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت بندوبست کیا جائے اور جو بھی ایسا جرم کرے اس کو فوری طور پر عبرتناک سزا دی جائے۔ حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ تمام اہل سنت والجماعت کا متفقہ مطالبہ ہے کہ یکم محرم کو یوم سیدنا فاروق اعظم قرار دیا جائے اور اس دن سرکاری تعطیل کرنے کا حکم صادر فرمایا جائے۔
صحابہ کرامؓ‘ اہلبیتؓ کا احترام ایمان کا لازمی حصہ: علامہ زبیر احمد ظہیر
Jul 20, 2023