محرم الحرام: قیام امن کیلئے تحریک اتحاد بین المسلمین کا 10 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری

 لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک اتحاد بین المسلمین نے محرم الحرام میں قیام امن کیلئے 10نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔اس سلسلہ میں رحمانی اسلامک سنٹر جے بلاک ماڈل ٹائون لاہور میں قومی امن سیمینارکا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالوحید شاہد روپڑی نے تمام مسالک کے علما کی موجودگی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے10نکاتی ضابطہ اخلاق کا اعلان کیا۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و چیئرمین علما بورڈ پنجاب حافظ طاہر محمود اشرفی، مولانا حافظ عبد الوھاب روپڑی، پروفیسر سیف اللہ خالد،مولانا محمد عاصم مخدوم، مولانا حافظ عبد الوحیدشاہد روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر،علامہ رشید احمد ترابی،مولانا عبدالرب امجد،پروفیسر سید محمود غزنوی،مولانا محمد اسلم صدیقی سمیت دیگر جید علما کرام و مشائخ عظام نے شرکت کی۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے اس موقع پر کہا کہ یکم محرم الحرام سیدنا فاروق اعظم اور دس محرم حضر ت امام حسین کی شہادت کا دن ہے، اصحاب رسول اور اہل بیتؓ ہمارے ایمان کا حصہ ہیں ،ہمیں فضائل اصحاب و اہلبیت میں بغض سے کام نہیں لینا چاہیے۔کوئی بھی عالم یاذاکر فرقے کی بات کرے گا تو حکومت ایکشن لے گی۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز میں تمام مکاتب فکر میں ایک ناطہ واضح ہے تمام مقدسات کی توہین حرام ہے،پیغام پاکستان میں سب نے واضح کیا ہے کہ ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کیا جائے گا اور کسی بھی مکتبہ فکر کے مسلمان کو کافر قرار نہیں دیا جاسکتا ہے،پاکستان کے امن و مان اور استحکام کے لیے ہم ملک کے سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن