اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)گوگل نے پاکستان بھر میں، صارفین کو قرض دینے والی جعلی اور غیر رجسٹرڈ ایپس سے تحفظ فراہم کرنے کے عزم کے ساتھ پرسنل لون ایپلی کیشنز کے لیے نئی پالیسی متعارف کرا دی ہے۔ نافذ العمل نئی شرائط کے تحت قرض دینے والی غیر بینکاری فنانس کمپنی (این بی ایف سی) کو صرف ایک ڈیجیٹل لینڈنگ ایپ (ڈی ایل اے) شائع کرنے کی اجازت ہوگی۔ ایسی کمپنیاں جوایک سے زیادہ ڈی ایل اے شائع کرنے کی کوشش کریں گی، اُن کے ڈیویلپر اکاؤنٹ سمیت تمام متعلقہ اکاؤنٹس ختم کرئیے جائیں گے۔ پاکستانی صارفین کے لیے پرسنل لون ایپس بنانے والے ڈویلپرز کو پرسنل لون ایپ ڈیکلیئریشن فارم بھرنا لازم ہوگا اور اپنی ایپ شائع کرنے سے قبل ضروری دستاویزات بھی جمع کرانا ہوں گے۔ اِسی کے ساتھ،اُنہیں پاکستان میں ڈیجیٹل قرض دینے یا سہولت فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے منظوری کا ثبوت جمع کرانا ہوگا۔