پی سی بی نے گلوبل ٹی20لیگ کیلئے بابراعظم،محمد رضوان اورشاہین آفریدی کواین او سی جاری نہ کرنےکافیصلہ کیا ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو دیگر کھلاڑیوں کے علاوہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کی جانب سے گلوبل ٹی 20 ایونٹ کے لیے این او سی کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔اگست 2024 سے مارچ 2025 کے عرصے میں پاکستان کے مصروف کرکٹ کیلنڈر کو مدنظر رکھنے کے بعد، جس میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچز اور اگلے سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 شامل ہیں، اور تینوں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ قومی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ مشاورت کے بعد ، ان کی درخواستوں کو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ’’تینوں آل فارمیٹ کے کرکٹرز ہیں اور توقع ہے کہ ان کی خدمات آئندہ آٹھ ماہ میں درکار ہوں گی .جس کے دوران پاکستان نو ٹیسٹ، 14 ون ڈے اور نو ٹی ٹوئنٹی کھیلے گا۔ پی سی بی کی ورک لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے مطابق، یہ پاکستان کرکٹ اور کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں ہے کہ وہ کینیڈا میں ہونے والے آئندہ ایونٹ کو چھوڑ دیں تاکہ وہ اس سیزن کے لیے اپنی بہترین ذہنی اور جسمانی حالت میں ہوں۔‘اس سے قبل پی سی بی نے اسی بنیاد پر دی ہنڈریڈ کے لیے نسیم شاہ کو اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔پی سی بی نے آصف علی، افتخار احمد، محمد عامر اور محمد نواز کے لیے این او سی کی منظوری دے دی ہے۔
گلوبل ٹی20لیگ،بابراعظم،محمد رضوان اورشاہین آفریدی کواین او سی جاری نہ کرنےکافیصلہ
Jul 20, 2024 | 00:01