قصور(نمائندہ نوائے وقت) لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر قصور ارشد بھٹی نے تمام اسسٹنٹ کمشنر ز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات کو کالا دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کو مسمار کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ تفصیلات کیمطابق ڈپٹی کمشنرقصور محمد ارشد بھٹی نے لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنرز قصور، پتوکی، چونیاں، کوٹ رادھاکشن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات کو حکم دیا ہے کہ ضلع بھر میں کسی بھی جگہ اگر کوئی بھٹہ کالا دھواں چھوڑ رہا ہے اور ابھی تک زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہیں ہوا تومالک کو بغیر نوٹس دیئے اس بھٹے کو فوری مسمار کر دیں اور اس سلسلے میں کالا دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کی لسٹ بھی طلب کر لی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر قصور ارشد بھٹی کا کہنا ہے کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر قصورکا کالا دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کو مسمار کرنیکا حکم
Jul 20, 2024