دولت مشترکہ کی سیکرٹری سے ملاقات، پائیدار ترقی کو عملی جامہ پہنانے کی گنجائش ہے: رانا مشہود 

Jul 20, 2024

لندن ؍ اسلام آباد (عارف چودھری + خبر نگار) پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کامن ویلتھ سیکرٹریٹ لندن میں دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام بھی موجود تھے۔ رانا مشہود نے کہا کہ  پاکستان دولت مشترکہ کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتا ہے۔  پاکستان کے پاس دولت مشترکہ کے ساتھ اپنے پائیدار ترقی کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کی وسیع گنجائش موجود ہے جس میں تعلیم، نوجوانوں کے لیے ہنر کی فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانے، صحت اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے  اقدامات شامل ہیں۔ رانا مشہود نے  سیکرٹری جنرل کو وزیر اعظم  کے  ملٹی سیکٹر پارٹنرشپ پروگرام "جنریشن ان لمٹیڈ" اور نیشنل یوتھ کونسل کے قیام کے اقدام کے بارے میں آگاہ کیا۔ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل نے ٹیکنالوجی بالخصوص مصنوعی ذہانت (AI) میں نوجوانوں کی تعلیم کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کو دولت مشترکہ کے AI کنسورشیم میں شامل ہونے کی دعوت دی جو پاکستانی نوجوانو میں تربیت دینے میں مدد کرے گی۔ رانا مشہود خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے وزیراعظم آفس اسلام آباد میں جنریشن ان لمیٹڈ سٹریٹجک ایڈوائزری کونسل کے قیام کی منظوری دے دی ہے یہ اہم قدم نوجوانوں کو بااختیار بنانے ،سٹریٹجک شراکت داری اور جدید فنانسنگ کے ذریعے پائیدار ترقی کیلئے حکومت کے عزم کو واضح کرتا ہے۔

مزیدخبریں