پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور کے علاقہ یکہ توت رشید گڑھی میں فریقین کے مابین سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کیخلاف مضحکہ خیز مواد شیئر کرنے پر فائرنگ کے تبادلہ میں راہگیر سمیت 3 نوجوان جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 2 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق جمعہ کی دوپہر تھانہ یکہ توت کی حدود رشید گڑھی میں سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف مضحکہ خیز مواد شیئر کرنے پر فریقین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران فریق اول ارشد ولد شیر افضل، فریق دوئم حاجی حمید ولد عامر اور راہگیر شربت فروش نیاز علی ولد وسیع اللہ گولی لگ کر جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلہ میں 5افراد ابراہیم ولد امجد، ہارون ولد وارث، عارف، شاداب پسران ادریس، قدر بادشاہ ولد نور بادشاہ شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ فریقین نے چند دن قبل سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر ایک دوسرے کے خلاف مضحکہ خیز مواد شیئر کرتے ہوئے کمنٹ سیکشن میں ایک دوسرے کو گالیاں دی تھیں۔
پشاور، سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کیخلاف مضحکہ خیز مواد شیئر کرنے پر فائرنگ، 3 نوجوان جاں بحق، 5 زخمی
Jul 20, 2024