لاہور؍ کامونکی (نامہ نگار+ اے پی پی+ آئی این پی+ نمائندہ خصوصی) لیسکو کی انسداد بجلی چوری مہم کے دوران 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 466ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے132 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ 22کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 13 کمرشل، 16زرعی اور437 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو5 لاکھ24 ہزار 211 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1کروڑ 84لاکھ98 ہزار131 روپے ہے۔ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ دریں اثناء لیسکو کے مطابق لیسکو کی برج اٹاری سب ڈویژن میں میٹر ریڈر مظہر شاہ ،شیخوپورہ سب ڈویژن کے لائن مین عطاء اللہ، کریم پارک سب ڈویژن کے لائن مین شبیر احمد اور اسسٹنٹ لائن مین ریاض خان پر بجلی چوری اور کرپشن کے الزامات ثابت ہوگئے جس کے بعد انہیں برطرف کردیا گیا۔ علاوہ ازیں واہنڈو پولیس نے ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرنے والے موضع دندیاں کے شہباز کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔