لاہور؍ مریدکے؍ فیروز والہ (نامہ نگاران) مختلف واقعات میں ماں بیٹی، ساس بہو اور 2 نوجوانوں کو موت کے گھات اتار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ڈیفنس بی کے علاقے الفلاح ٹاؤن میں محبت خان نامی شخص نے خنجر کے وار کرکے اپنی بیوی 45 سالہ شہناز اور اٹھارہ سالہ بیٹی سمیہ کو قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ مریدکے محلہ احمد پورہ میں ساٹھ؍ پینسٹھ سالہ ملزم ریاض نے گھریلو ناچاقی پر چھریوں کے وار کرکے ساٹھ سالہ بیوی زرینہ اور 35 سالہ بہو نبیلہ کو قتل کر دیا۔ ملزم ریاض نے سٹی پولیس کو آلہ قتل سمیت خود گرفتاری پیش کی۔ اہلخانہ قاتل کو نیم پاگل قرار دے رہے ہیں۔ فیروز والہ کے گاؤں مڑھ بھنگوان میں دکان سے سامان چوری کرنے کے الزم میں ذوالفقار نے اپنے دیگر ساتھیوں کاشف، خالد وغیرہ کی مدد سے اصغر کو تشدد کا نشانہ بنایا جو دم توڑ گیا۔ لاہور روڈ کی آبادی نرنجنی میں پسند کی شادی میں رکاوٹ بننے کی کوشش کرنے والے نوجوان محمد ناصر کو سفیان عرف سونی نے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ایک ہی لڑکی سے شادی کرنا چاہتے تھے۔