لاہور (خبرنگار) انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کے جج خالد ارشد نے جناح ہائوس جلائو گھیرائو کے مقدمے میں علیمہ خان، عمر ایوب، زین قریشی و دیگران کی عبوری ضمانتوں میں6 اگست تک توسیع کرتے ہوئے تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت میں اعظم سواتی، مسرت جمشید چیمہ و دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ امن و امان کی صورتحال کے باعث تفتیش مکمل نہیں ہوسکی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ امن و امان کی صورتحال تو صرف دو دن کی تھی، تیرہ ماہ سے تفتیشی مکمل نہیں ہورہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زین قریشی نے کہا کہ والد دو مرتبہ وزیر خارجہ رہ چکے ہیں مگر ان کے ساتھ ناروا رویہ رکھا جا رہا ہے، ہمیں صاف شفاف ٹرائل نہیں دیا جا رہا۔ شاہ محمود قریشی کا 19 دن کا ریمانڈ لیا گیا۔ یہ اے ٹی سی لاہور کا سب سے لمبا چالان ہے۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ قوم کو ڈرایا جا رہا کہ ایمرجنسی لگ جائے گی۔ اگر عوام سڑکوں پر نکل آئی تو اس ملک کا کیا بنے گا؟۔ نواز شریف کو ان کے بھائی اور بیٹی نے فارغ کر دیا، وہ آخری عمر میں تو کوئی اچھا فیصلہ کر جائیں۔