لاہور (خبرنگار) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے دس سال پرانے سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں وکلاء کو آج پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے تمام تفتیشی افسران کو بھی شہادت کیلئے طلب کر لیا۔ عدالت نے کہا کہ پولیس کیس اور دوسرے فریق کے استغاثہ پر ایک ساتھ فیصلہ ہو گا، اب تک مجموعی طور پر سانحہ ماڈل ٹائون میں 104گواہان کی شہادت قلمبند ہو چکی ہے، عدالت میں سانحہ ماڈل ٹائون میں پولیس کی جانب سے درج مقدمہ کا ٹرائل ہو رہا ہے۔ گواہان نے بیان دیا کہ پاکستان عوامی تحریک کی فائرنگ سے 7 شہری قتل ہوئے، کارکنان کے پتھرائو اور فائرنگ سے 31 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، سابق ایس پی عمر ورک سمیت 4 ملزموں نے بریت کی درخواستوں دائر کر رکھی ہیں۔ سابق ایس پی عمر ورک، سابق ڈی ایس پی خالد ابوبکر، سابق ڈی ایس پی میاں شفقت، سابق انسپکٹر بشیر نیازی نے بریت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔
سانحہ ماڈل ٹاؤن، عدالت نے وکلا، تفتیشی افسروں کو آج طلب کر لیا
Jul 20, 2024