قانون بناتے وقت پارلیمنٹیرینز کو اسے پڑھنا چاہئے: ہائیکورٹ  

Jul 20, 2024

لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیاء باجوہ نے محبوس بچوں کی بازیابی اور تھانوں کا ریکارڈ مینوئل اور ڈیجیٹل کرنے کے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے بچوں کے اغوا میں ملوث گینگز کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیدیا۔ عدالتی حکم پر تین مغوی بچے بازیاب کرا کے عدالت میں پیش کئے گئے جنہیں عدالت نے تینوں بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی نے پیش کردہ رپورٹ میں موقف اپنایا کہ ہم نے سافٹ وئیر بنا کر پولیس کو دیدیا ہے، سافٹ ویئر استعمال کرنا یا نہ کرنا پولیس کا کام ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ قانون بناتے وقت پارلیمنٹرینز کو اسے پڑھنا چاہئے، بغیر پڑھے اور سمجھے قانون بنا دیا جاتا ہے، پارلیمنٹیرینز نالیاں اور ترقیاتی کاموں پر ہی توجہ نہ دیں، عدالت اس کیس پر تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔ ڈی آئی جی نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو چھوڑنے والے ایس ایچ او کو معطل کردیا ہے۔

مزیدخبریں