پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبرپی کے فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ امن صوبہ کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے، جنوبی اضلاع سمیت صوبہ بھر میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک ہے، عمائدین علاقہ، نوجوانوں کو قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز، حکومت کے ساتھ ملکر مثبت کردار ادا کرنا چاہئے، قبائلی اضلاع کے عوام کی محرومیوں کا خاتمہ اور مذکورہ اضلاع کو ترقی کے دھارے میں لانا ہو گا، فاٹا انضمام کے بعد قبائلی عوام سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کیلئے بھرپور کردار ادا کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز بنوں ڈومیل سے وزیر قبائل کے نمائندہ وفد سے گورنر ہاؤس پشاورمیں ملاقات کے دوران کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ وزیرستان میں دانش سکول کے قیام کے حوالہ سے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں جدید رجحانات کے مطابق ہنرمند تربیتی پروگرامز کیلئے نیوٹک سے رابطے میں ہیں، صوبہ بالخصوص ضم اضلاع کے بچیوں کو الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور ٹیکنیکل ٹریننگ میں گورنر ہاؤس بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے جنوبی وزیرستان میں موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد کا دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے دھماکہ میں 2 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہارکیاہے۔
صوبے میں امن کی صورتحال تشویشناک، قبائلی عوام کو ترقی کے دھارے میں لانا ہوگا: گورنر خیبر پی کے
Jul 20, 2024