لاہور (خبرنگار) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے لاہور کی احتساب عدالتوں میں زیرِالتوا مقدمات کا نوٹس لے لیا اور جن احتساب عدالتوں میں ججز تعینات نہیں ہیں وہاں سے زیرِالتوا مقدمات کو دوسری عدالتوں میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ لاہور کی 10 احتساب عدالتوں میں سے صرف 3 احتساب عدالتوں میں ججز تعینات ہیں جبکہ دیگر 7 احتساب عدالتوں میں ججز تعینات نہیں ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نمبر1، 4، 7 اور 8 میں کوئی بھی مقدمہ زیرِ التوا نہیں ہے تاہم احتساب عدالت نمبر 2 میں 36 مقدمات زیرِ التواء ہیں، اسی طرح احتساب عدالت نمبر 3 میں 18مقدمات زیرِ التوا ہیں جبکہ احتساب عدالت نمبر6 میں 11 مقدمات زیرِ التوا ہیں۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کے احکامات کی روشنی میں متذکرہ احتساب عدالتوں میں زیرِالتوا 65 مقدمات کو باقی تین عدالتوں میں منتقل کیا جائے گا۔ احتساب عدالت نمبر 2 کے مقدمات احتساب عدالت نمبر5 میں منتقل کئے جائیں گے، احتساب عدالت نمبر3 کے مقدمات کو احتساب عدالت نمبر10میں منتقل کیا جائے گا جبکہ لاہور کی احتساب عدالت نمبر6 میں زیرِالتواء مقدمات کو احتساب عدالت نمبر9 میں منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کو عدالتِ عالیہ کی اولین ترجیح قرار دیا ہے اور احکامات جاری کئے ہیں کہ کسی بھی عدالت میں مقدمات کو غیر ضروری التواء میں نہیں رکھا جائے گا۔
لاہور کی 10 احتساب عدالتوں میں سے 7 بغیر جج، مقدمات زیر التوا نہ رکھیں: چیف جسٹس
Jul 20, 2024