سی ٹی ڈی آپریشن، اسامہ بن لادن کا قریبی ساتھی امین الحق گجرات سے گرفتار

لاہور (نامہ نگار)  کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کو  گجرات سے گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان اکرم گوندل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کو گرفتار کیا ہے، دہشتگرد کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گرد امین الحق القاعدہ کا سرکردہ جنگجو ہے جس کا نام اقوام متحدہ کی عالمی ہشتگردوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔ عثمان اکرم گوندل نے بتایا کہ امین الحق کی گرفتاری کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے، بین الاقوامی سطح پر امین الحق اسامہ بن لادن کے سکیورٹی سپروائزر کے طور پر جانا جاتا تھا، اس طرح کا کوئی دہشتگرد آتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا دہشتگرد 2007 میں گرفتار ہوا تھا اور اس نے 4 سال سزا کاٹی تھی، دشمن ملک کی ایجنسی نے اس پر بہت پروپیگنڈا کیا تھا، یہ دہشتگرد اگست 2021 سے افغانستان میں دکھائی دیا تھا اور حال ہی میں پاکستان داخل ہوا، اس سطح کا دہشتگرد پاکستان میں کیا کر رہا تھا تفتیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس دہشتگرد کے پاس پاکستان کا آئی ڈی کارڈ بھی ہے، اس دہشتگرد کے شناختی کارڈ پر لاہور اور ہری پور کے ایڈریس درج ہیں، یہ دہشتگرد پاکستان میں کیسے آیا اور کس آئی ڈی سے ٹریول کیا، اس بارے میں  تفتیش کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کو 2 مئی 2011ء کو امریکی کمانڈوز نے ایبٹ آباد میں آپریشن کر کے ہلاک کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن