اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے 97ویں یوم تاسیس کی یادگاری تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے چینی عوام، عسکری قیادت اور پیپلز لبریشن آرمی کے تمام افسران و جوانوں کو مبارکباد دی اور چین کی تیز رفتار ترقی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ایک اہم قوت بننے میں پیپلز لبریشن آرمی کے کردار کی تعریف کی۔ چینی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چین اور پاکستان کے درمیان قریبی، برادرانہ تعلقات اور "آل ویدر فرینڈشپ" پر روشنی ڈالی اور باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اپنے خطاب کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سی پیک، دفاعی تعاون اور علاقائی امن و استحکام پر چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے پختہ عزم پر بھی زور دیا۔ تقریب میں شہریوں، فوجی افسران، صحافیوں، تاجروں اور سول سوسائٹی کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چین کی ترقی میں پیپلز لبریشن آرمی کا کردار قابل تحسین: جنرل ساحر شمشاد
Jul 20, 2024