دہشتگرد حملہ ناکام بنانے والے ثوبان کو سلام، سری لنکا میں پھنسے قیدی 7 روز میں واپس لائیں گے: محسن نقوی

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے والے شہید سپاہی ثوبان کی جرات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپاہی ثوبان نے جان دے کر بہادری کی لازوال مثال قائم کی۔ سپاہی ثوبان نے ہینڈ گرینیڈ پر لیٹ کر اپنی قیمتی زندگی مادر وطن پرقربان کی اور دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ جمعہ کو یہاں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم اپنے ہیرو سپاہی ثوبان کی دلیری کو سلیوٹ کرتی ہے، شہید سپاہی ثوبان جیسے بلند حوصلہ اور قومی جذبے سے سرشار بہادر سپوتوں کے ہوتے ہوئے مکار دشمن کی ہرگھنائونی سازش ناکام رہے گی۔ دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل (ر) رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے نے ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور  سری لنکا میں کئی برس سے قید  پاکستانی شہریوں کی رہائی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گزشتہ کئی سال سے سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ سری لنکا میں پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے  لیے دونوں جانب سے ضروری کارروائی جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں انسداد منشیات اور بارڈر سکیورٹی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن