طرابلس (ریڈیو نیوز) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں نیٹو کی بمباری سے 2بچوں سمیت7 شہری جاں بحق ہو گئے جبکہ مصراتہ میں فائرنگ سے 4 حکومت مخالفین ہلاک ہو گئے۔ سرکاری اہلکار نے بتایا کہ نیٹو طیاروں نے طرابلس کے علاقے الادادہ میں ایک مکان پر بمباری کی ۔ نیٹو نے ذمہ داری قبول کر لی ۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے اور ہسپتال ذرائع کے مطابق مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے لگتا ہے۔ موسیٰ ابراہیم کے مطابق خدشہ ہے کہ اس گھر میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد مقیم تھے اور وہ تمام جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ابھی تک نیٹو کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا لیکن نیٹو نے اس سے پہلے غلطی سے شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کی تصدیق کی ہے۔ لیبیا کے حکام کے مطابق جس علاقے میں مبینہ طور پر نیٹو کا فضائی حملہ ہوا ہے وہ شہر کا ایک غریب علاقہ ہے۔ متاثرہ عمارت میں امدادی کارکنوں کے علاوہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے اور مزید لاشوں کی تلاش کے لئے ملبے کو ہٹایا جا رہا ہے۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ عمارت میں رہائش پذیر خاندان کے تمام افراد ہلاک ہو گئے ہیں تاہم فوری طور پر اس اطلاع کی تصدیق ممکن نہیں ہو سکی ہے۔ دوسری طرف نیٹو کے ترجمان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا قذافی نے مساجد اور چلڈرن پارک کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ لیبیا کی فورسز شہریوں پر وحشیانہ حملے کر رہی ہیں۔