کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) بلوچستان کابینہ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس میں منعقد ہوئی۔ مسلم لیگ ن کے سردار ثناءاللہ زہری، نیشنل پارٹی کے نواب محمد خان شاہوانی، پشتونخواہ کے عبدالرحیم زیارت وال نے صوبائی وزراءکے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ پہلے مرحلے پر بلوچستان کابینہ میں 3 ارکان شامل کئے گئے ہیں۔ دریں اثناءآج بلوچستان کے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔ بجٹ کا حجم ایک سو 90 ارب روپے سے زائد ہوگا۔ صوبائی بجٹ کون پیش کریگا اس کا فیصلہ بجٹ پیش ہونے سے پہلے کیا جائے گا۔ تاہم ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بجٹ وزیراعلیٰ ہی پیش کریں گے۔ نواب ثنااللہ زہری کو صوبائی کابینہ میں سینئر وزیر مقرر کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ ان کو پی اینڈ ڈی ایس اینڈ جی ڈی کا محکمہ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق صوبے کو وفاق سے قابل تقسیم محاصل کی مد میں 118ارب ملیں گے۔ نئے بجٹ میں تعلیم کے لئے 23ارب روپے مختص کئے جانے کی تجویز ہے۔ امن و امان کے لئے 15ارب محکمہ صحت کے لئے 11ارب مختص کئے جانے کی تجویز ہے۔ بجٹ میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کا امکان ہے۔ توانائی اور تعلیم کے شعبے میں کئی نئی سکیمیں بھی رکھی گئی ہیں۔
بلوچستان: 3 وزراءنے حلف اٹھا لیا، بجٹ آج پیش کیا جائے گا
Jun 20, 2013