پاک فوج وزیرستان کی خوشحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کارلائے گی، جنوبی اور شمالی وزیرستان میں تعلیم، صحت، واٹرسکیم اور کولڈ سٹوریج کے منصوبوں پر جلد کام شروع کیا جائے گا. جنرل اشفاق پرویزکیانی

Jun 20, 2013 | 19:50

جنوبی وزیرستان میں عرب امارات کے اشتراک سے مکمل ہونے والی پچاس کلومیڑ طویل وانا تا انگور اڈا روڈ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ قیام امن میں جنوبی وزیرستان کے عوام کے شکرگزار ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام کا تعاون جاری رہا تو امن اسی طرح قائم رہے گا،آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جب تک علاقے کے عوام مطمئن نہیں ہوتے فوج علاقے سے نہیں جائے گی ، جنرل کیانی نے علاقائی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں سٹرکوں کی تعمیرکا بڑا حصہ مکمل کیا گیا ہے اب اہل وزیرستان کا کام ہے کہ وہ ان سٹرکوں کی حفاظت کریں اور اپنی ترقی کو آگے بڑھائیں، ان کا کہنا تھا کہ تمام ترقیاتی کاموں کے فوائد علاقے کے عوام کو حاصل ہوں گے اور جب عوام خوشحال ہوں گے تو کوئی دہشتگردی اور انتہا پسندی کی طرف نہیں جائے گا.

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قبائل کی تعمیرو ترقی جہاد کی مانند ہے، مستقبل میں واٹرسکیمز، کولڈ سٹوریج سمیت صحت کے شعبے میں کام کیا جائے گا،، انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر سے افغانستان سے تجارت کو مزید فروغ ملے گا، پاکستانی طالبان سے متعلق ایک سوال کا مختصر جواب دیتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھاکہ انہوں نے ساری باتیں تیس اپریل کی تقریر میں کردی ہیں،، اس موقع پر آرمی چیف نے وانا انگور اڈا سڑک کو شیخ عبد اللھ النہیان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا،عرب امارات کے سفیر عیسٰی عبد اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یواے ای کے تعلقات دیرینہ ہیں،انہوں نے کہا کہ روڈ کے قیام سے پاکستان اور افغانستان کے عوام کو فائدہ حاصل ہوگا اور یو اے ای پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں تعاون جاری رکھے گا، دوسری جانب علاقہ مکین بھی ترقیاتی کاموں سے انہتائی خوش نظرآئے، ان کا کہنا تھا کہ سڑک کی تعمیر سے ان کے مسائل حل ہوں گے،علاقے میں روڈ نیٹ کے جال بچھانے کا عمل جاری ہے اور اس کے ثمرات بھی وہاں کی عوام تک پہنچانا شروع ہوچکے ہیں.

مزیدخبریں