لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس عبدالسمیع خان نے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث ملزمہ ایان علی کی درخواست ضمانت سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وفاق سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے جبکہ عدالت نے سماعت 26 جون تک ملتوی کرتے ہوئے کسٹم حکام سے جواب طلب کرلیا۔ ایان علی کے وکیل سردار خرم لطیف کھوسہ کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست ضمانت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزمہ ایان علی کے خلاف بے بنیاد الزامات کے تحت جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا۔ ایان علی کیس کی ابھی تک تفتیش مکمل نہیں ہوسکی جبکہ معاملہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایان علی ائرپورٹ کے اس حصے میں تھی جہاں اسے مسافر تصور نہیں کیا جاسکتا۔ جب وہ مسافر کی تعریف میں نہیں آتیں تو سمگلر کیسے قرار دیا جاسکتا ہے۔ ایان علی نے بورڈنگ کارڈ حاصل کیا نہ ہی اس کے پاسپورٹ پر ایگزٹ کی مہر لگی۔ اس کے باوجود کسٹم حکام نے غیر قانونی طور پر ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کا بے بنیاد مقدمہ درج کرادیا۔ ایان علی بے قصور ہے لہٰذا درخواست ضمانت منظور کی جائے۔