لاہور(سپورٹس رپورٹر) لاہور کی مقامی عدالت نے سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل اور سرفراز نواز کو میڈیا میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور اس کے کسی بھی آفیشلز کے خلاف بیان بازی سے روک دیا ہے۔ اس سلسلہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حق میں حکم امتناعی جاری کر دیا ہے۔ عامر سہیل اور سرفراز نواز نے نجی ٹی وی چینل کے پروگراموں میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی پر الزامات لگائے تھے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے قانونی مشیر تفضل رضوی کے ذریعے ان پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پی سی بی اور ان کے آفیشلز کے خلاف لگائے جانے والے الزامات پر معافی مانگیں۔ گذشتہ روز پی سی بی کے قانون مشیر مقامی عدالت کے جج کے سامنے پیش ہوئے جبکہ عامر سہیل اور سرفراز نواز کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر عدالت نے دونوں سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے خلاف حکم امتناعی دیتے ہوئے انہیں پی سی بی اور اس کے آفیشلز کے خلاف بیان بازی سے روکنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
عدالت نے عامر سہیل، سرفرازنواز کو پی سی بی کیخلاف بیان بازی سے روک دیا
Jun 20, 2015