رینجرز ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع پر رینجرز کی بھاری نفری نے لیاری کے علاقے بہار کالونی میں ٹارگٹڈ کارروائی کی، ملزمان نے رینجرز کو دیکھ کر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں لیاری گینگ وار کے دو کارندے ہلاک ہوگئے۔ ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ ہلاک ملزمان انیس اور جنید کا تعلق لیاری گینگ وار کے بابالاڈلہ گروپ سے تھا، اور ملزمان چوبیس سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور بتھہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے، رینجرز ترجمان کے مطابق لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں رینجرز اہلکاروں مقابلے کے بعد لیاری گینگ وار کے تین کارندوں کو ہلاک کردیا۔ رینجرز ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک گینگسٹرز کا تعلق لیاری گینگ وار کے عزیر بلوچ گروپ سے تھا، ہلاک گینگسٹرز کی شناخت امام بخش عرف خیرو، ماجد عرف رکشہ والا اور عبدالصمد کے ناموں سے ہوئی، رینجرز کے مطابق ملزم امان بخش چار افراد، ماجد چھبیس شہریوں جبکہ عبدالصمد دس افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا، ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور آوان گولے برآمد کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب پولیس نے کھارادر میں کارروائی کرتے ہوئے دو بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزمان بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔ ادھر قائدآباد کے علاقے مسلم آباد میں پولیس نے منشیات فروشوں کے ٹھکانے پر چھابہ مار کر 3 منشیات فروشوں کر گرفتار کرلیا جبکہ دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی ۔