اسلام آباد (اے پی پی)چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ملک میں بدعنوانی کے خلاف نیب نے ’’ زیرو ٹالرنس ‘‘ کی پالیسی اپنا رکھی ہے ، کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے جامع قومی انسداد بدعنوانی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ، مختلف حکومتی ، غیر سرکاری اداروں ، سول سوسائٹی ، میڈیا اور معاشرے کے دیگر طبقات کے ذریعے کرپشن کے خلاف شروع کی گئی مہم کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ روز اس آگاہی مہم کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے بتایا کہ ’’کہہ دو کرپشن نہیں‘‘ کے نعرے سے شروع کی جانے والی مہم رواں سال کے دوران اپنے انتہائی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ انسداد بدعنوانی مہم 2015ء میں شروع کی گئی جو 2016ء میں بھی جاری ہے ۔ ان اقدامات سے دنیا میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کا درجہ 126سے کم ہو کر 117تک آگیا ہے جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے جبکہ پلڈاٹ کی رپورٹ کے مطابق 42فیصد عوام نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔ نیب آرڈیننس کے تحت نیب کو یہ اختیار ہے کہ وہ بدعنوانی کے خلاف کارروائی کرے۔ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 276ارب روپے کی ریکوری کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے جنگ قومی فریضہ ہے۔ نیب کو موصول ہونے والی عوامی شکایات میں اضافہ نیب پر اعتماد کا مظہر ہے۔
ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں: چیئرمین نیب
Jun 20, 2016