افغانستان: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، جھڑپیں، داعش کے27 جنگجو،47 طالبان ہلاک

Jun 20, 2016

کابل (اے پی پی) افغانستان میں سکیورٹی فورسز کی فضائی اور زمینی کارروائیوں میں شدت پسند تنظیم داعش کے 27 جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ ارزگان میں فورسز نے جھڑپوں میں 47 طالبان کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ ادھر صوبہ ہرات میں طالبان نے روزہ نہ رکھنے پر چھ شہریوں کو گولی مارکر زخمی کردیا۔ افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق ننگر ہار کے گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے بتایا کہ داعش کیخلاف فورسز نے ضلع آچین کے علاقے مہمند، مزدکی، گیرو اور عبداللہ خیل میں فضائی اور زمینی کاروائیاں کیں، ہلاک 27 جنگجوئوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب صوبہ ارزگان میں افغان سیکورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں 47 طالبان ہلاک اور 41 زخمی ہوگئے۔ افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی میں خصوصی فورسز کے دستوں نے بھی حصہ لیا۔ مغربی صوبہ ہرات میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں طالبان کے سینئر رہنما کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ گورنر ہرات کے ترجمان جیلانی فرہاد نے بتایا کہ گزشتہ روز سیکورٹی فورسز نے ضلع رباط میں کارروائی کے دوران طالبان رہنما مولوی عالم کو نشانہ بنایا گیا۔ مولوی عالم بادغیس کیلئے طالبان کے ملٹری کمیشن کے سربراہ تھے۔ طالبان کی جانب سے ابھی تک اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ اسی صوبہ میں طالبان نے روزہ نہ رکھنے پر چھ شہریوں کو گولی مارکر زخمی کردیا۔ مقامی حکام کے مطابق یہ واقعہ ضلع اوبے میں پیش آیا۔ ضلعی پولیس چیف کے مطابق شہریوں کی فائرنگ سے تین طالبان بھی زخمی ہوگئے ہیں۔ خوست میں فوج اورطالبان کے درمیان جھڑپ میں ایک بچہ ہلاک اور تین دیگر شہری زخمی ہوگئے۔

مزیدخبریں