لندن (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نوازشریف کی طبعیت پہلے سے کافی بہتر ہے، دو اہم امور پر وزیراعظم سے مشاورت کیلئے آیا تھا۔ وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کے بعد نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف روزانہ تبدیلی محسوس کر رہے ہیں اور پہلے کے مقابلے میں اپنے آپ کو اچھا اور بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ وہ اپنے آپ میں زیادہ انرجی محسوس کرتے ہیں۔ ان کے چہرے سے بھی لگ رہا تھا کہ وہ خوشگوار موڈ میں تھے اور خوش وخرم تھے۔ سینیٹر پرویزرشید نے اپنے دورہ لندن کے حوالے سے کہا کہ دھرنے سے اس دورہ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ میں دو باتوں کی وجہ سے یہاں آیا ہوں۔ مجھے وزیراعظم محمد نوازشریف سے ہدایات لینی تھیں ایک تو آزادکشمیر میں الیکشن ہورہے ہیں، دوسرا یہ کہ مجھے پارلیمنٹ کی اس کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے جس نے الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کا تقرر کرنا ہے۔