فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پنجاب پولیس کی سفاکی کا ایک اور کارنامہ منظر عام پر آگیا ‘جڑانوالہ روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں سڑک پر پڑے رہے، پولیس نے ان کی جان بچانے کیلئے ریسکیو 1122کی خدمات نہ لیں اور گاڑی میں لے کر گھومتے رہے دونوں کی موت کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا ‘سنسنی خیز ویڈیو نے پولیس کا بھیانک چہرہ بے نقاب کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب مبینہ طور پر پیپلز کالونی ڈی گرائونڈ میں شہر سے نقدی ‘موبائل فون چھین کر فرار ہونے والے شان علی اور جاوید کو جڑانوالہ روڈ پر پولیس نے گولیوں کا نشانہ بنا دیا جس سے دونوں شدید زخمی ہو کر سڑک پر گر گئے ‘واقعہ کی ایک سنسنی خیز ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں دونوں زخمی مبینہ ڈاکوئوں کو سڑک پر تڑپتے دکھایا گیا ہے جبکہ پولیس اہلکار دونوں کے ارد گرد اپنی فتح کا جشن منا رہے ہیں اس دوران ایک زخمی کے پاس رکھی پانی کی بوتل بھی نظر آ رہی ہے جو اپنے منہ سے پانی باہر پھینک رہا ہے ویڈیو میں واضع نظر آ رہا ہے کہ ایک ملزم کو پولیس اہلکار سہارا دے کر چلتے ہوئے پولیس کی گاڑی تک لے جا رہا ہے اس دوران زخمی ملزم گرتا ہے اور اس کو ساتھی سمیت غیر انسانی طریقہ سے گاڑی میں ڈال کر ایک پولیس اہلکار ملزم کی ٹوٹی ہوئی ٹانگ پر پائوں رکھ کر کھڑا ہے اور پولیس اہلکار انہیں سرکاری گاڑی میں لے کر چلے جاتے ہیں‘ پولیس اہلکاروں نے اس دوران ریسکیو کے اہلکاروں کی مدد حاصل نہیں اور انہیں گاڑی میں لے کر مٹر گشت کرتے رہے دونوں کی موت واقع ہونے پر انہیں ہسپتال لے جا کر ان کی موت کی تصدیق کی گئی دونوں زخمی ملزموں کو بر وقت طبی امداد دے کر ان کی جان بچائی جا سکتی تھی لیکن پولیس کی سفاکی نے دونوں کی جان لے لی۔