ننکانہ صاحب (نامہ نگار) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ماڈل ریلوے سٹیشن ننکانہ کی تقریب سنگ بنیاد میں اپنے جوش خطابت کے بعد سنگ بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی کرنا بھول گئے۔ خواجہ سعد رفیق 15کروڑ 80لاکھ روپے کی لاگت سے ریلوے سٹیشن ننکانہ صاحب کی از سرنو تعمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خاں پر خوب گرجے برسے۔ جونہی دوپہر کے 12بجے تو انہوں نے اپنی تقریر ختم کردی اور جوش خطابت کے بعد اپنی گاڑی میں بیٹھ کر ریلوے سٹیشن ننکانہ سے آفیسر کلب ننکانہ پہنچ گئے۔ خواجہ سعد رفیق ننکانہ میں ریلوے سٹیشن کی عمارت کی از سر نو تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے آئے تھے، وہ کام ادھورا ہی رہ گیا۔ اسی دوران جب وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق ریلوے سٹیشن سے تقریرکے بعد باہر نکل رہے تھے تو لوگوں نے تختی کی نقاب کشائی کرنے کے لئے پیچھے سے آوازیں دیں مگر نہ تو وفاقی وزیر نے کسی کی سنی اور نہ ہی ریلوے کے جنرل مینجر نے کسی کی سنی۔ ریلوے سٹیشن ننکانہ پر سنگ بنیاد کی خوبصورت تختی سجی کی سجی رہ گئی۔ وہاں موجود لوگوں نے خود ہی تختی کی نقاب کشائی کر دی۔
جوش خطابت: سعد رفیق ننکانہ صاحب ماڈل ریلوے سٹیشن کی تختی کی نقاب کشائی بھول گئے
Jun 20, 2016