اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے فوج اور ایئر فورس کی طرف سے ضلع کوئٹہ میں زمین قبضے کے معاملے پر ذیلی کمیٹی قائم کر دی ، سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کی سربراہی میں قائم تین رکنی کمیٹی ایئر فورس ، وزارت دفاع ،بلوچستان کی صوبائی حکومت اور کوئٹہ میں زمین کے مالکان سے ملاقاتیں کر کے اپنی رپورٹ تیار کرے گی۔کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر عثمان کاکڑ، سردار محمد اعظم اور گل بشرا کی طرف سے جمع کرائی گئی تحریک التوا پر غور کیا گیا جس میں کہا گیا ہے فوج اور ایئر فورس کی طرف سے ضلع کوئٹہ میں زمینوں پر قبضوں سے واقعات میں اضافے سے عوام میں انتشار پھیل رہا ہے۔ پاک فضائیہ کے ایئر کموڈور نے کمیٹی کو بتایا پاک فضائیہ سمنگلی میں زمین کو ایئربیس اور مہیسر میں ریگی کے طور پر استعمال کر رہی ہے جبکہ ماسلیخ میں زمین کو ایئر فائیڈ اور فائرنگ رینج کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا یہ تین زمینیں بالترتیب 1942ئ، 1978ءاور 2008ءمیں حاصل کی گئی تھیں اور ان زمینوں کے حصول کے لیے مروجہ طریقہ کار اختیار کیا گیا جس کی دستاویزات موجود ہیں۔ انہوں نے کمیٹی کو بتایا پاکستان ایئر فورس کیپٹن یونس کے نام پر یونس آباد کے نام سے کوئٹہ میں شہر بنانے جا رہی ہے جیسا کہ سندھ میں ایئر فورس نے راشد آباد کے نام سے شہر قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر میں غریب لوگوں کے لیے سہولیات مہیا کی جائیں گی اور ایئر فورس کے لوگوںکو اس سے کوئی فائدہ نہیں ملے گا تحریک التواءکے محرکین نے کہا یہاں یہ سوال اٹھتا ہے زمین رضاکارانہ طور پر لی گئی یا اس پر زبردستی قبضہ کیا گیا سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا سندھ میں راشد آباد میں زمین کیپٹن راشد خان کے والد نے عطیہ میں دی تھی جبکہ کوئٹہ کے معاملے میں زمین پر زبردستی قبضہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا بلوچستان میں زیادہ تر زمین غیر تقسیم شدہ اور قبیلوں کی مشترکہ ملکیت ہے سینیٹر اعظم موسی خیل نے زمینوں پر زبردستی قبضے کے حوالے سے بلوچستان اسمبلی کی 1999ئ، 2002ءاور 2014ءکی مذمتی قراردادوں کا حوالہ دیا کمیٹی نے بلوچستان کے دو زمینوں کے مالکان کی بات بھی سنی اور اس معاملے پر ذیلی کمیٹی قائم کردی۔ کمیٹی کے اجلاس میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح کے حوالے سے متفقہ قرار داد بھی منظور کی گئی سینٹ کی دفاعی کمیٹی نے پاکستان کے پارلیمینٹ کے تاثرات کی عکاسی کرتے ہوئے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی کمیٹی نے کرکٹ ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور کہا اس تاریخی فتح سے قوم کا مورال بلند ہوا ہے۔ کمیٹی نے سرفراز احمد کی قیادت کی بھی تعریف کی اور فخر زمان اور حسن علی سمیت باقی کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی دفاعی کمیٹی نے اس فتح کے جشن میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔
قائمہ کمیٹی / دفاع
تاریخی فتح، قائمہ کمیٹی دفاع میں متفقہ قرارداد، یکجہتی پر کشمیری عوام کا شکریہ
Jun 20, 2017