لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے جھنگ کے علاقے حویلی بہادر شاہ میں 1230 میگاواٹ کے گیس پاور پلانٹ کا دورہ کیا اور پلانٹ کے ایک ایک حصے کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کی رفتار پر اطمینان اور تسلی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کام کرنے والے انجینئرز اور ورکرز سے ملاقاتیں کیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ آپ ایک قومی منصوبے پر کام کرکے قومی خدمت کر رہے ہیں اور آپ کا یہ کردار ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھا جائیگا۔ منصوبہ لوشیڈنگ کے اندھیرے دور کرنے والے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس پلانٹ سے ایک ہفتے کے اندر 750 میگاواٹ بجلی کی پیداوار شروع ہو جائیگی جو نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی اور اس سے لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی ہوگی۔ نوازشریف کی قیادت میں حکومت کی اندھیروں پر قابو پانے کیلئے مخلصانہ کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اندھیروں کے ساتھ ساتھ اندھیروں کے حامیوں سے بھی جنگ لڑنی پڑ رہی ہے اور اللہ کے فضل و کرم اور عوام کی حمایت سے دونوں محاذوں پر سرخرو ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں ہماری ناکامی کے خواہشمند دراصل عوام کو ناکام دیکھنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کے باشعور عوام ایسا کبھی نہیں ہونے دیں گے۔ صنعتوں کی طرح گھریلو صارفین کو مطلوبہ بجلی فراہم کرکے دم لیں گے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ترقی اور مخالفین دروغ گوئی اور الزام تراشی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں شعبہ صحت میں اصلاحات اور عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے جاری پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں ہر سطح پر میرٹ کو فروغ دیا ہے۔ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں بھی داخلے کے حوالے سے میرٹ پالیسی پر عمل کرنا ہوگا۔ میں نے آج تک میرٹ پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے اور نہ کسی کو کرنے دی ہے۔ میڈیکل کے شعبہ میں معیار کو بہتر بنانے کیلئے میرٹ ہی واحد راستہ ہے۔ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کوریگولیٹ کرنے کیلئے باہمی مشاورت سے اقدامات تجویز کئے جائیں اور انہیں ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے مناسب لائحہ عمل طے کیا۔ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کی انسپکشن تھرڈ پارٹی کے ذریعے کرائی جائے۔ ہم نے سب سے پہلے اپنا قبلہ درست کرنا ہے۔ متعلقہ ادارے اور محکمے مکمل بااختیار ہیں اور انہیں اپنے فرائض تندہی سے ادا کرنا ہیں اور مسائل حل کرنے کیلئے انکی جانب سے مو¿ثر اقدامات کا خیرمقدم کیا جائیگا۔ طبی شعبہ میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کی کمی دور کرنے کیلئے خصوصی مراعات پیکیج دیا جائیگا اور اس ضمن میں محکمہ صحت پیش کردہ تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ میڈیکل ایجوکیشن کو بہتر بنانے کیلئے ہر ضروری اقدامات کیا جائے گا۔ ہم نے ذمہ داری نبھانی ہے اور عوام کو جواب دینا ہے۔ میڈیکل کے امتحانات کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے سفارشات پیش کی جائیں اور اس ضمن میں وزیراعلیٰ نے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
شہبازشریف