کراچی (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے ماتحت فرشتے بھی آجائیں تو کرپشن ختم نہیں کر سکتے۔ جن ملکوں کے ادارے ٹھیک ہوتے ہیں وہی ملک ترقی کرتے ہیں ۔ پاکستان کے سسٹم کو کرپشن ڈی ریل کر رہی ہے۔ پاناما کیس میں شریف خاندان کی کرپشن سب کے سامنے ہے اس لئے ہر وقت حکومتی درباری اور موٹو گینگ شور مچا رہے ہیں ۔ شریف فیملی جے آئی ٹی میں اس طرح جا رہی ہے جیسے کشمیر فتح کرنے جا رہے ہوں۔ یہ باتیں انہوں نے تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب میں کہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں کرپشن کا خوفناک ٹیلنٹ ہے۔ اربوں روپے سالانہ بیرون ملک منتقل ہو رہے ہیں۔ شریف خاندان کا شہزادہ لندن میں ساڑھے چھ سو کروڑ روپے کے فلیٹ میں رہتا ہے۔ لاڑکانہ کے ترقیاتی کاموں کے نام پر کاغذوں میں 90ارب روپے ظاہر کئے گئے لیکن خرچ کچھ نہیں ہوا۔ پورا سندھ موئن جو داڑو کا منظر پیش کر رہا ہے۔ سندھ میں سڑکیں صرف کاغذوں پر بنی ہیں۔ لاڑکانہ سے بہتر نظام تو موہنجو داڑو کا ہے۔ تعلیم اور صحت کا نظام تباہ ہو چکا ہے۔ سندھ کے نوجوانوں کا کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ آصف زرداری کی سرپرستی میں سند ھ کے وسائل پر ایک کرپٹ ٹولہ قابض ہو چکا ہے جو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔ انشاءاللہ آئندہ عام انتخابات میں شریف خاندان کے ساتھ ساتھ سندھ میں لوٹ مار کرنے والے آصف زرداری کو بھی شکست سے دوچار کریں گے۔ جب کرپٹ ٹولہ پابند سلاسل ہوگا اور ان کا لوٹا ہوا پیسہ ملک میں واپس آئے گا تو پورا ملک اس وقت ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ شریف اور زرداری خاندان کے ہوتے ہوئے پاکستانی قوم خوشحال اور ترقی یافتہ نہیں ہو سکتی۔ کرکٹ میں پالش کرنے والا نظام موجود نہیں ہے۔ کسی ملک میں وزیر اعظم کرکٹ بورڈ کا چیئرمین نہیں لگاتا۔ سرفراز سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ عمران سے فنگشنل لیگ کے رہنماجان شیر جونیجو ،کوٹری سے سابق صوبائی مشیر اور ایم کیو ایم کے رہنماپیر زمان شاہ جیلانی نے اپنے ساتھیوں سمیت ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پانامہ فیصلہ کن کیس ہے جس سے یہ طے ہو گا کہ پاکستان کس طرف جائے گا۔ جے آئی ٹی کی کارروائی پرشور مچانے والوں کو خوف ہے کہ پانامہ کا فیصلہ نواز شریف کے خلاف آیا تو ان کی باری آئے گی۔
عمران
فرشتے بھی نوازشریف اور زرداری کے ماتحت ہوں تو کرپشن ختم نہیں کر سکتے : عمران
Jun 20, 2017