اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے خلاف شہری کی درخواست مسترد کر دی اور قرار دیا ہے کہ زمین پر قبضہ کا معاملہ سول عدالت کے دائرئہ اختیار میں آتا ہے۔ اس لئے درخواست گزار متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔ عمران خان ایک مرتبہ پھر توہین عدالت کیس میں الیکشن کمشن میں جواب جمع کروانے میں ناکام رہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست پر الیکشن کمشن میں جواب جمع کروا دیا ہے۔ دانیال عزیز نے الیکشن کمشن سے استدعا کی ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست کے ساتھ لگائے گئے اخباری تراشوں سے توہین عدالت ثابت نہیں ہوتی، وہ الیکشن کمشن کا احترام کرتے ہیں۔ دانیال عزیز نے الیکشن کمشن سے استدعا کی ہے کہ پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کی جائے۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ دانیال عزیز کا جواب تصدیق شدہ نہیں۔ اس لئے تصدیق شدہ جواب دوبارہ داخل کرایا جائے۔ الیکشن کمشن نے دانیال عزیز کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت 17 جولائی تک ملتوی کردی۔ وکیل نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ توہین عدالت کیس میں عمران کی جانب سے جواب تیار کر لیا گیا ہے۔ تاہم عمران خان کے دستخط نہ ہونے کی وجہ سے جواب جمع نہیں کروایا جا سکتا۔ عمران خان کے وکیل نے کہاکہ وہ شہر میں موجود نہیں۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے بتایا گذشتہ سماعت پر بھی جواب جمع کرانے کے لئے مہلت مانگی تھی۔ مزید سماعت 4 جولائی تک ملتوی کر دی۔ الیکشن کمشن آف پاکستان نے عمران خان کے وکیل کو حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر توہین عدالت کیس میں جواب جمع کروائیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں درخواست اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ عمران خان نے تحریک انصاف کو لوٹا فیکٹری بنا دیا ہے، تحریک انصاف میں شامل ہونے والے لوٹے انتخابات میں ناکام ہوں گے، پی ٹی آئی انصاف کی دھجیاں اڑا رہی ہے،عمران خان باقی شہروں میں جلسے کر سکتے ہیں جواب پر دستخط کیلئے اسلام آباد نہیں آ سکتے، عمران خان ایسے رویہ سے عدالتوں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔
عمران جواب
توہین عدالت کیس : عمران الیکشن کمشن کو جواب جمع کرانے میں پھر ناکام
Jun 20, 2017