راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ برازیلین فٹبالر رونالڈینیو اور اس کی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں معروف فٹبالر اور برازیل کے سابق کھلاڑی رونالڈینیو کو پاکستان آ کر فٹبال کھیلنے پر خوش آمدید کا پیغام دیا۔ اپنے پیغام میں ترجمان آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو کھیلوں سے بہت محبت رکھتا ہے۔ رونالڈینیو اور انکی ٹیم 6 تا 8 جولائی تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان میں دوستانہ میچ کی منتظم کمپنی ’’لیزرز لیگ‘‘ کی جانب سے میچ میں شرکت کیلئے بین الاقوامی فٹبالرز پر مشتمل ٹیم اگلے ماہ جولائی کے آغاز میں پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں وہ پاکستان ٹیم کے خلاف دوستانہ میچ بھی کھیلے گی۔
پاک فوج کی جانب سے برازیلین فٹبالر رونالڈینیو اور ٹیم کو خوش آمدید کا پیغام
Jun 20, 2017