ماسکو (اے پی پی) روس نے کہا ہے کہ امریکہ، افغانستان میں کچھ اور مقاصد کے درپے ہے اور وہ اس ملک میں بالکل امن نہیں چاہتا۔ روسکی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان سمیت دنیا کے مختلف علاقوں میں اپنے فوجیوں کی تعداد کم یا زیادہ کر رہا ہے جبکہ اس سلسلے میں اس کے سٹریٹجک مقاصد بھی واضح نہیں ہیں۔ ترجمان نے امریکہ کی لشکرکشی کی وجہ امریکی فوجی صنعتوں کے اندرونی مسائل کو حل کرنا قرار دیا۔ انہوں نے افغانستان میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جس نے افغانستان پر حملے کے لئے سلامتی کونسل سے جواز حاصل کیا تھا، اس ملک میں اپنے اور اپنے اتحادیوں کے اقدامات کے بارے میں اب تک اقوام متحدہ کو کوئی رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔