اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)اکادمی ادبیات پاکستان اپنے مقاصدکے حصول کے لےے مختلف ادبی پروگرامز،کانفرنسز اور اشاعتی منصوبوںپرتیزی سے کام کر رہی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو ادب کی مختلف اصناف کے حوالے سے تربیتی سہولیات فراہم کرنے کے لےے مختلف تربیتی ورکشاپس منعقد کی جارہی ہیں۔ اکادمی ادبیات پاکستان پہلے بھی نئے لکھنے والوں کے لےے افسانہ ، فکشن ، شاعری اور ڈرامہ پر ورکشاپ کا انعقاد کرا چکی ہے جس میں نئے لکھنے والوںنے بھر پور حصہ لیا تھا۔ اس سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے اب فکشن، شاعری اور ڈرامہ پر تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کررہی ہے۔ تربیتی ورکشاپس کا مقصدنئے لکھاریوں، طلباءو طالبات کو فکشن ، شاعری اور ڈراموں کے حوالے سے تربیت مہیا کرنا ہے تا کہ نئے لکھنے والوں کی ہمت افزائی ہو اور اچھا ادب تخلیق کر سکیں۔ اس سلسلے کی پہلی تربیتی ورکشاپ ”شاعری کی مختلف اصناف “ کے حوالے سے 11تا13جولائی 2017بروز منگل تا جمعرات، صبح 10بجے تاشام 5بجے تک ، اکادمی ادبیات پاکستان کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوگی جس میںپروفیسرڈاکٹر ارشد محمود ناشاد تربیت دیں گے۔ دوسری تربیتی ورکشاپ فکشن(ناول، افسانہ، تنقید)پر مورخہ18تا 20جولائی 2017کو منعقد ہوگی جس میںڈاکٹر ارشد وحید، ڈاکٹر نجیبہ عارف اور ڈاکٹر روش ندیم تربیت دیں گے ۔ تیسری ورکشاپ مورخہ25تا27جولائی ز2017کو ڈرامہ(ٹی و ی، اسٹیج، ریڈیو)کے حوالے سے ہوگی جس میں شاعرو ڈرامہ نگارعلی اکبر عباس تربیت دیں گے۔ ان ورکشاپس کے اختتام پر شرکاکو سرٹیفکیٹ دےے جائیں گے۔ورکشاپ کے شرکا کو معروف ادیبوں سے ملنے اور گفتگو کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔
اکادمی ادبیات پاکستان کی نئے لکھنے والوں کے لےے تربیتی ورکشاپس
Jun 20, 2017