سرےنگر (سپورٹس ڈےسک )انگلینڈ کے اوول میدان پر منعقدہ چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں انڈیا کی شکست اور پاکستان کی کامیابی پر مداحوں میں تو تو میں میں جاری ہے۔میچ سے پہلے انڈیا کے جو کرکٹ شائقین سوشل میڈیا پر جارحانہ نظر آ رہے تھے انھیں اب شدید طنز کا سامنا ہے۔ایسی ہی ایک تکرار انڈین کرکٹر گوتم گمبھیر اور انڈیا کےمقبوضہ کشمیر کےحرےت رہنما رہنما میر واعظ عمر فاروق کے درمیان نظر آئی۔میر واعظ نے پاکستان کی جیت پر ٹویٹ کیا: 'ہر طرف آتش بازی ہے۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ عید قبل از وقت آ گئی۔ بہتر کھیلنے والی ٹیم کا دن رہا۔ پاکستانی ٹیم کو جیت کی مبارکباد۔'اس ٹویٹ پر سابق کپتان گوتم گمبھیر نے لکھا: 'میر واعظ آپ کے لیے ایک تجویز ہے۔ آپ سرحد پار کر کے اس پار کیوں نہیں چلے جاتے؟ وہاں آپ کو بہتر پٹاخوں (چائنیز؟) اور عید کا جشن ملے گا۔ میں پیکنگ میں آپ کی مدد کر سکتا ہوں۔'میر واعظ کے اس ٹویٹ پر تقریباً ڈیڑھ ہزار کمنٹس آئے ہیں جبکہ اسے چھ ہزار سے زیادہ بار ری ٹویٹ اور 12 ہزار سے زیادہ لائکس ملے ہیں۔میر واعظ اور گوتم گمبھیر کے ٹویٹس پر لوگوں نے مختلف انداز میں اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ایک صارف فیصل نے لکھا: 'تجھے مرچی لگی تو میں کیا کروں؟' جبکہ ایک دوسرے صارف زعیم نعیم نے لکھا: 'آپ لوگوں کا رونا شروع ہو گیا؟'امپاسیبل رائے نامی ٹوئٹر ہنیڈل سے ایک شخص نے لکھا: 'مجھے گمبھیر پسند ہیں۔ وہ ساری باتیں براہ راست کہتے ہیں، گھما پھرا کر کوئی بات نہیں کرتے'ان سب باتوں سے قبل اسی طرح کا ایک ٹویٹ معروف بزنس مین ہرش گوئنکا نے انڈین وزیر خارجہ کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کیا تھا جس میں لکھا تھا: '11 انڈینز لندن کے اوول میں پھنسے ہوئے ہیں۔
میڈم سشما سوراج برائے مہربانی انھیں بچائیں۔'