کراچی/اسلام آباد(صباح نیوز)سی پیک اورانفرااسٹرکچرمنصوبوں کے لیے ہیوی گاڑیوں کی طلب میں اضافے کی وجہ سے رواں مالی سال کے دوران ٹرکوں اور بسوں کی فروخت میں 36فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔آٹو انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران 7905ٹرک اور بسیں فروخت کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 5814 ٹرک اور بسیں فروخت کی گئی تھیں۔مئی 2017کے مہینے میں ٹرکوں اور بسوں کی مجموعی فروخت 904یونٹس رہی جو گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں 22فیصد جبکہ اپریل 2017کے مقابلے میں 9فیصد زائد رہی۔واضح رہے کہ پاکستان میں جاپانی اور یورپی ٹرکوں کے بعد چینی ساختہ ٹرکوں کی طلب میں نمایاں اضافہ ہورہا ہے۔ چین کی چار بڑی کمپنیاں پاکستان میں ٹرک تیار کررہی ہیں جن میں ہیوی لوڈنگ ٹرکوں کے علاوہ چھوٹے یوٹلیٹی ٹرکس شامل ہیں۔ حال ہی میں کورین کمپنی ہونڈائی نے بھی پاکستانی کمپنی کے اشتراک سے تیار شدہ ٹرک اور لگژری بسوں کی فروخت کا آغاز کیا ہے۔