سرینگر (این این آئی+ اے این این + نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ اتحاد ختم کردیا ہے۔ چار سال بعد مخلوط حکومت کا بھی خاتمہ ہوگیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اتحاد توڑنے کا فیصلہ نئی دہلی میں بی جے پی کے صدر امت شاہ کی صدارت میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔ بی جے پی کے وزراء نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو اور ارکان اسمبلی نے گورنر کو استعفے پیش کر دیئے۔ ریاست میں گورنر راج لگنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ وزیراعلی محبوبہ مفتی مستعفی ہو گئیں۔ دوسری جانب نامور صحافی شجاعت بخاری کے قتل اور بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہری ہلاکتوں پر احتجاج کے دوران بھارتی فورسز کی مظاہرین پر براہ راست فائرنگ اور مبینہ جھڑپ میں شہید کئے گئے چار نوجوانوں کی شناخت نہ ہو سکی۔ بھارتی فورسز کا نعشیں مقامی لوگوں کے سپرد کرنے سے انکار، وادی میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ منگل کو مقامی لوگوں کے وفد نے بانڈی پورہ کے فوجی کیمپ میں جا کر بھارتی فورسز سے مارے جانے والوں کی شناخت ظاہر کرنے اور نعشیں تدفین کے لئے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تاہم فورسز نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا جس پر لوگوں نے فوجی کیمپ کے باہر احتجاج کیا۔ سامپورہ اور ترال کے علاقوں میں فوج نے گھر گھر تلاشی لی۔ دریں اثناء سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے صحافی شجاعت بخاری کے قتل اور شہری ہلاکتوں کے خلاف (آج) بدھ کو مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے جموں خطے میں بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی کے ساتھ ساتھ بنکروں اور عارضی پناہ گاہوں کی تعمیر پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا بھارتی حکومت نے بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر رہائش پذیر لوگوں کی حفاظت کیلئے 415.73 کروڑ روپے کی لاگت سے 14460 انفرادی بنکر اور کمیونٹی بنکر تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ سرحد کے ساتھ عارضی پناہ گاہیں بھی تعمیر کی جائیں گی تا کہ سرحد پار شیلنگ کے موقع پر لوگوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔ ویڈیو میں فوجیوںکی طرف سے کشمیری نوجوانوں کو انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرنے پر مظاہرین کو شور مچاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مظاہرے میں شامل ایک نوجوان ویڈیو میں کہتا ہے کہ بھارتی فوجی ہمارے بھائیوں کو گھروں سے گھسیٹے ہوئے نکال کر انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کر رہے ہیں۔ بھارت پولیس نے نائب مفتی اعظم مفتی ناصرالاسلام کو جنوبی کشمیر کے علاقے سنگم میں گرفتار کر لیا۔ محبوبہ مفتی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا میں نے وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دے دیا ہے ہم نے اپنی طرف سے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے بہت کام کیا۔ بی بی سی کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کے تناظر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ تین سالہ اتحاد غیر مستحکم ہو گیا تھا۔ شجاعت بخاری کی شہادت کو بی جے پی کی جانب سے اتحاد ختم کرنے کی ایک وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ سری نگر دشمن کا علاقہ نہیں مسئلہ طاقت سے حل نہیں ہو گا۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور کشمیریوں سے بات ہونی چاہئے۔ سامپورہ میں انسانی ڈھال بنانے کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔ بزدل بھارتی فوجیوں نے 4 کشمیریوں کو گاڑی پر بٹھا لیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کے پتھرائو سے بچنے کیلئے ’’دلیرانہ‘‘ اقدام کیا گیا۔ حملوں سے بچنے کیلئے اس سے پہلے بھی کشمیری کو جیپ سے باندھا جا چکا ہے۔ علی گیلانی نے کہا ہم زندگی کی آخری سانسوں تک آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ صباح نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 38ویں اجلاس میں شریک کشمیری وفد نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین سے غیر رسمی ملاقات کی اور کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی پہلی رپورٹ جاری کرنے میں ان کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر جاری اقوام متحدہ کی تاریخی رپورٹ میں کشمیر کو بین الاقوامی متنازع علاقہ قرار دیا ہے اور وادی میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سلسلے میں بھارت کو مورد الزام ٹھہرایا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین نے گزشتہ ہفتے کشمیر میں انسانی کے حقوق کی صورتحال پر 49 صفحات کی رپورٹ جاری کی تھی۔ انہوں نے معروف صحافی کشمیری سید شجاعت بخاری کو خراج تحسین پیش کیا اور ان شہید کئے جانے کی مذمت کی۔
مقبوضہ کشمیر
مقبوضہ کشمیر:محبوبہ مفتی مستعفی، مخلوط حکومت ختم ، گورنرراج کاامکان
Jun 20, 2018