اسلام آباد (خصوصی نمائندہ + آن لائن) الیکشن کمشن آف پاکستان نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔ دستاویزات کے مطابق نگران وزیراعظم ناصرالملک کے نام پر پاکستان میں 14 جائیدادیں ہیں، ان کی سوات میں 8 مختلف اراضی گفٹ ظاہر کی گئیں جبکہ پشاور میں اراضی بھی والد کی طرف سے گفٹ ظاہر کی گئی ہے۔ اسلام آباد ڈی 12اور جی 14 میں ایک ایک کنال کا گھر، ڈپلومیٹک انکلیو اور کانسٹی ٹیوشن اپارٹمنٹ میں ایک ایک اپارٹمنٹ بھی نگران وزیراعظم کی ملکیت ہیں۔ نگران وزیراعظم کی اہلیہ کے نام سنگاپور اور لندن میں جائیدادیں ہیں، ان کی اہلیہ کی لندن میں جائیداد کی مالیت 272،850 پاو¿نڈ ہے، ناصرالملک کے اثاثوں میں 31 لاکھ روپے کے زیورات اور 65 لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر بھی شامل ہے۔ دستاویزات میں بتایا گیا نگران وزیراعظم کی 4 مختلف بینکوں میں 10 کروڑ25 لاکھ سے زائد کی رقم موجود ہے، جسٹس (ر) ناصر الملک کی پراپرٹی پر 380،363 ڈالر کا مورگیج موجود ہے، ان کی ہونڈا سوک 2012 ماڈل کی کار کی مالیت 10 لاکھ روپے ہے جبکہ ٹویوٹا 2012 ماڈل کی مالیت 48 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔ دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے اثاثوں میں 70 لاکھ مالیت کا گھر شامل ہے، اس کے علاوہ حسن عسکری کے پاس 9 لاکھ 30 ہزار روپے کیش اور پرائز بانڈز ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حسن عسکری کے پاس ایک کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے اور وہ 2 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق نگران حکومت کے دیگر وزرائے اعلیٰ اور وزرا نے الیکشن کمیشن کے احکامات پر عمل نہیں کیا، ناصرالملک، شمشاداختر، اعظم خان، دوست محمد اور حسن عسکری کے علاوہ کسی نے تفصیلات نہیں دیں۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے نگران وزرائے اعلیٰ اور کابینہ کو یاد دہانی کا خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور خط میں فوری طور پر اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کا کہا جائے گا۔ذرائع کے مطابق حلف اٹھانے کے 3 روز کے اندر اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانا لازمی ہوتا ہے۔ آن لائن کے مطابق الیکشن کمشن کا کہنا ہے نگران وزیراعظم کے پاس سوات میں 45 دکانوں کے علاوہ فلور ملیں اور سی این جی سٹیشن بھی ہیں۔ مزید برآں خیبر پی کے کے نگران وزیراعلی جسٹس (ر) دوست محمد کا اسلام آباد میں ایک کروڑ 97 لاکھ روپے مالیت کا گھر‘ پندرہ لاکھ 25 ہزار کا پلاٹ‘ جی 14 اسلام آباد میں ایک کنال پلاٹ کی مالیت 4 لاکھ روپے ہے‘ جی 17 اسلام آباد میں ایک کنال پلاٹ کی مالیت صرف 69 ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد میں 80 لاکھ روپے مالیت کا پلاٹ اور بھی موجود ہے‘ الیکشن کمشن کے مطابق 35 لاکھ روپے کیش ایک کروڑ 27 لاکھ کا بنک بیلنس ہے نقدی کیش میں 23 ہزار روپے کے پرائز بانڈز ہیں جسٹس دوست محمد نے ایک کروڑ 31 لاکھ روپے کی سالانہ آمدن ظاہر کی ہے۔
اثاثے