اسلام آباد/منڈی بہاوالدین(نوائے وقت نیوز+نامہ نگار) اسلام آباد میں عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہرموجود ٹکٹوں کی تقسیم پراحتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکن آپس میں گتھم گتھا ہو گئے۔ٹکٹوں کی تقسیم پر ان کااحتجاج اور دھرنا جاری ہے۔صبح ہوتے ہی ناشتے کے لیے دیگیں چڑھائی گئیں اور ناراض کارکنوں نے ناشتہ کیا۔ذرائع کے مطابق ملتان سے آئے کارکنان کی جانب سے ڈنڈوں،لاتوں اورمکوں کااستعمال کیا گیا تاہم مظاہرے میں آئے دیگر ساتھیوں نے بیچ بچاﺅ کرایا۔کچھ مشتعل کارکنوں نے عمران خان کے دفتر کے اندر گھسنے کی بھی کوشش کی جس پر سکیورٹی گارڈز نے انہیں دھکے دے کر اندر جانے سے روکا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنوں کے مسلسل احتجاج کے باعث بنی گالہ میں پولیس کی نفری بڑھا دی گئی اور عمران خان کی رہائش گاہ پر نجی سکیورٹی گارڈز بھی منگوا لیے گئے ہیں،پولیس نے بنی گالا جانے والے راستے بند کر دیئے۔ملک وال سے نامہ نگار کے مطابق این اے86 منڈی بہاﺅالدین سے تحریک انصاف کی وکٹ پیپلز پارٹی نے اڑا دی۔ فخر عمر حیات لالیکا نے ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم پر احتجاجاً پی ٹی آئی کو چھوڑکر پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ سے ملاقات کر کے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ اب وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر این اے 86 سے انتخاب لڑیں گے۔ اس سے قبل تحریک انصاف کے ضلعی آرگنائزر عبدالروف گوندل امیدوار پی پی 68 بھی تحریک لبیک شامل ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نگران وزیراعظم ناصر الملک کو خط لکھا ہے عمران خان نے کہا ہے کہ گورنر خیبر پی کے کے پاس فاٹا کے انتظامی اختیارات ہیں گورنر کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے۔ اقبال ظفر جھگڑا فاٹا کے سیاسی امور میں مداخلت کر رہے ہیں۔ گورنر خیبر پی کے کو فوری عہدے سے ہٹایا جائے۔ وفاق‘پنجاب اورسندھ کی بیورو کریسی کو بھی تبدیل کیاجائے۔ ن لیگ کے تعینات کردہ افسران عہدوں پربراجمان ہیں۔ ن لیگ کے تعینات کردہ افسران الیکشن پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔ سندھ اور پنجاب میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی انتظامیہ ہے۔ انتظامیہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو سپورٹ کر رہی ہے۔ نگران حکومت ہماری درخواست پر غور اور کارروائی کرے۔تحریک انصاف کے ناراض کارکنوں نے پی ٹی آئی رہنماﺅں عمران اسماعیل اور عارف علوی کو عمران خان کی رہائش گاہ جانے سے روک دیا۔ دونوں رہنماﺅں کی درخواست کے باوجود کارکنوں نے انہیں آگے نہیں جانے دیا۔ عارف علوی اور عمران اسماعیل کو مجبوراً واپس جانا پڑا۔ دریں اثناءپی پی 3فتح جنگ کے ناراض کارکنان بھی بنی گالا پہنچ گئے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش کے باہر احتجاج کے دوران امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں رکھنے اور پولیس کی معاونت کے لئے رینجرز تعینات کرنے کی اسلام آباد پولیس کی درخواست پر فوری ضابطے کی کارروائی کی ہدایت دیدی ہے، 300رینجرز اہلکار بنی گالہ میں عمران خان کے گھر کے باہر سکیورٹی کی خدمات کے لئے مانگے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے روبرو اسلام آباد پولیس نے بتایا ہے کہ بنی گالہ میں 700سے زائد افراد احتجاج کر رہے ہیں، خدشہ ہے امن و امان کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔عمران خان کی طرف سے پی کے 12 کی ٹکٹ پر نظرثانی کی یقین دہانی پر اپر دیر کے کارکنوں نے دھرنا ختم کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کارکن پی کے 12 سے نوید انجم کو ٹکٹ دینے کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔
عمران