حجرہ شاہ مقیم (نمائندہ نوائے وقت) بااثر زمیندار کا مزدوروں پر تشدد، نوکری سے انکار پر گلے میں پھندا ڈال کر گھسیٹتے ہوئے ڈیرے پر لے گئے، کئی گھنٹے تک ان کے نازک اعضاء پر برف کے سوئوں سے سوراخ کر تے رہے اور بے رحم تشدد کرتے ہوئے کمرے میں بند کر دیا۔ اہل علاقہ کی اطلاع پر پولیس نے محنت کش کو ظالم وڈیرے کی قید سے رہا کروایا تاہم زمیندار کے خلاف مقدمہ درج نہ ہو سکا۔ نواحی گائوں جیٹھ پور کے محنت کش ساجد علی اور شرافت علی زمیندار چوہدری اسلم کے پاس ملازمت کر تے تھے۔ عید سے پہلے دونوں بھائیوں نے زمیندار سے چھٹیاں مانگیں لیکن زمیندار نے چھٹی دینے سے انکار کر دیا لیکن دونوں بھائی زمیندار کے فارم سے غائب ہو گئے جس پر اسلم آرائیں نے ساجد علی اور شرافت علی کو اپنے ملازمین کے ہمراہ تلاش کر لیا اور انہیں دوبارہ نوکری پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، دونوں بھائیوں نے انکار کر دیا جس پر زمیندار اسلم آرائیں اور ان کے کارندوں نے طیش میں آ کر دونوں بھائیوں کے گلوں میں پھندا ڈال کر انہیں گھسیٹتے ہوئے زبردستی اپنے ڈیرہ میں لے جا کر غیرانسانی تشدد کا نشانہ بنایا۔ برف توڑنے والے سوئوں سے دونوں بھائیوں کے جسم کے نازک اعضاء پر تشدد کرتے ہوئے لہو لہان کر دیا اور کئی گھنٹے تک دونوں کو قید میں رکھا۔