لاہور(نیوزرپورٹر)نئی نسل وقت کی قدر اور نظم وضبط کی پابندی کرے۔ سچ کا دامن کبھی ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور محنت کو اپنا شعار بنائیں۔قائداعظمؒ کے فرمودات ہمارے لیے مشعل راہ ہیںان پر عمل کرتے ہوئے ملکی تعمیروترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کااظہارمقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 19ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے چھٹے روز طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کامران لاشاری، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری ، صدر نظریۂ پاکستان فورم ملتان پروفیسر حمید رضا صدیقی ، سماجی رہنما مسز شاہین احمد اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید بھی موجود تھے۔نظریاتی سمر سکول کا انعقاد نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے جس کا ماٹو ’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔ پروگرام کے آغاز پر نظریاتی سمر سکول کے طلبا و طالبات نے تلاوت کلام پاک ‘نعت رسول مقبولؐ‘ قومی ترانہ اور کلام اقبالؒ پیش کیا۔کامران لاشاری نے کہاکہ پاکستان کی نئی نسل بہت باصلاحیت ہے اور یہی قوم کا اصل اور قیمتی سرمایہ ہے۔ میں نظریاتی سمر سکول کے طلبا وطالبات کا اعتماد اور صلاحیتیں دیکھ کر بے حد متاثر ہوں۔ نئی نسل تعلیم پر مکمل توجہ دے اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائیں۔ ارشد انصاری نے کہا کہ نئی نسل ہی پاکستان کا مستقبل ہے۔آپ اپنی مکمل توجہ تعلیم پر دیں۔پروفیسر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران بچوں کا جذبہ قابل دید تھا۔
فرمودات قائد پر عمل کئے بغیر ترقی ممکن نہیں:کامران لاشاری
Jun 20, 2019